Warning: "continue" targeting switch is equivalent to "break". Did you mean to use "continue 2"? in /home/www/iqbal.wiki/includes/json/FormatJson.php on line 297

Warning: "continue" targeting switch is equivalent to "break". Did you mean to use "continue 2"? in /home/www/iqbal.wiki/languages/LanguageConverter.php on line 773
سختیاں کرتا ہوں دل پر غیر سے غافل ہوں میں - IQBAL
 Actions

سختیاں کرتا ہوں دل پر غیر سے غافل ہوں میں

From IQBAL

سختیاں کرتا ہوں دل پر، غیر سے غافل ہوں میں

سختیاں کرتا ہوں دل پر، غیر سے غافل ہوں میں
ہائے کیا اچھی کہی ظالم ہوں میں، جاہل ہوں میں

میں جبھی تک تھا کہ تیری جلوہ پیرائی نہ تھی
جو نمود حق سے مٹ جاتا ہے وہ باطل ہوں میں

علم کے دریا سے نکلے غوطہ زن گوہر بدست
وائے محرومی! خزف چین لب ساحل ہوں میں

ہے مری ذلت ہی کچھ میری شرافت کی دلیل
جس کی غفلت کو ملک روتے ہیں وہ غافل ہوں میں

بزم ہستی! اپنی آرائش پہ تو نازاں نہ ہو
تو تو اک تصویر ہے محفل کی اور محفل ہوں میں

ڈھونڈتا پھرتا ہوں اے اقبال اپنے آپ کو
آپ ہی گویا مسافر، آپ ہی منزل ہوں میں