Difference between revisions of "Dua (Masjid-e-Qurtuba Mein Likhi Gyi)"
From IQBAL
(Created page with " <Center> '''دعا''' مسجد قرطبہ ميں لکھي گئي ہے یہی میری نماز، ہے یہی میرا وضو میری نواوں میں ہے میرے جگ...") |
(No difference)
|
Revision as of 06:37, 3 June 2018
دعا
مسجد قرطبہ ميں لکھي گئي
ہے یہی میری نماز، ہے یہی میرا وضو میری نواوں میں ہے میرے جگر کا لہو
صحبت اہل صفا، نور و حضور و سرور سر خوش و پرسوز ہے لالہ لب آبجو
راہ محبت میں ہے کون کسی کا رفیق ساتھ مرے رہ گئی ایک مری آرزو
میرا نشیمن نہیں درگہ میر و وزیر میرا نشیمن بھی تو، شاخ نشیمن بھی تو
تجھ سے گریباں مرا مطلع صبح نشور تجھ سے مرے سینے میں آتش 'اللہ ھو'
تجھ سے مری زندگی سوز و تب و درد و داغ تو ہی مری آرزو، تو ہی مری جستجو
پاس اگر تو نہیں، شہر ہے ویراں تمام تو ہے تو آباد ہیں اجڑے ہوئے کاخ و کو
پھر وہ شراب کہن مجھ کو عطا کہ میں ڈھونڈ رہا ہوں اسے توڑ کے جام و سبو
چشم کرم ساقیا! دیر سے ہیں منتظر جلوتیوں کے سبو، خلوتیوں کے کدو
تیری خدائی سے ہے میرے جنوں کو گلہ اپنے لیے لامکاں، میرے لیے چار سو!
فلسفہ و شعر کی اور حقیقت ہے کیا حرف تمنا، جسے کہہ نہ سکیں رو برو