Actions

Difference between revisions of "ستارہ"

From IQBAL

(Created page with "<center> ==ستارہ== قمر کا خوف کہ ہے خطرہء سحر تجھ کو <br> مآل حسن کی کیا مل گئی خبر تجھ کو؟ <br> متاع نور کے...")
 
(No difference)

Latest revision as of 15:12, 26 May 2018

ستارہ

قمر کا خوف کہ ہے خطرہء سحر تجھ کو
مآل حسن کی کیا مل گئی خبر تجھ کو؟

متاع نور کے لٹ جانے کا ہے ڈر تجھ کو
ہے کیا ہراس فنا صورت شرر تجھ کو؟

زمیں سے دور دیا آسماں نے گھر تجھ کو
مثال ماہ اڑھائی قبائے زر تجھ کو

غضب ہے پھر تری ننھی سی جان ڈرتی ہے!
تمام رات تری کانپتے گزرتی ہے

چمکنے والے مسافر! عجب یہ بستی ہے
جو اوج ایک کا ہے، دوسرے کی پستی ہے

اجل ہے لاکھوں ستاروں کی اک ولادت مہر
فنا کی نیند مے زندگی کی مستی ہے

وداع غنچہ میں ہے راز آفرینش گل
عدم، عدم ہے کہ آئینہ دار ہستی ہے!

سکوں محال ہے قدرت کے کارخانے میں
ثبات ایک تغیر کو ہے زمانے میں