Actions

تہذیب حاضر

From IQBAL

Revision as of 21:02, 26 May 2018 by Jawad Shah (talk | contribs) (Created page with "<center> == تہذیب حاضر == === تضمین بر شعر فیضی === حرارت ہے بلاکی بادئہ تہذیب حاضر میں <br> بھڑک اٹھا بھبوک...")
(diff) ← Older revision | Latest revision (diff) | Newer revision → (diff)

تہذیب حاضر

تضمین بر شعر فیضی

حرارت ہے بلاکی بادئہ تہذیب حاضر میں
بھڑک اٹھا بھبوکا بن کے مسلم کا تن خاکی
کیا ذرے کو جگنو دے کے تاب مستعار اس نے
کوئی دیکھے تو شوخی آفتاب جلوہ فرما کی
نئے انداز پائے نوجوانوں کی طبیعت نے
یہ رعنائی، یہ بیداری، یہ آزادی، یہ بے باکی
تغیر آگیا ایسا تدبر میں، تخیل میں
ہنسی سمجھی گئی گلشن میں غنچوں کی جگر چاکی
کیا گم تازہ پروازوں نے اپنا آشیاں لیکن
مناظر دلکشا دکھلا گئی ساحر کی چالاکی
حیات تازہ اپنے ساتھ لائی لذتیں کیا کیا
رقابت، خودفروشی، ناشکیبائی، ہوسناکی
فروغ شمع نو سے بزم مسلم جگمگا اٹھی
مگر کہتی ہے پروانوں سے میری کہنہ ادراکی
تو اے پروانہ ! ایں گرمی ز شمع محفلے داری
چو من در آتش خود سوز اگر سوز دلے داری