Actions

Javaid ke Naam

From IQBAL

Revision as of 01:07, 20 July 2018 by Iqbal (talk | contribs) (Reverted edits by Ghanwa (talk) to last revision by Armisha Shahid)
(diff) ← Older revision | Latest revision (diff) | Newer revision → (diff)

جاوید کے نام لندن میں اس کے ہاتھ کا لکھا ہوا پہلا خط آنے پر

دیار عشق میں اپنا مقام پیدا کر

نیا زمانہ، نئے صبح و شام پیدا کر

خدا اگر دل فطرت شناس دے تجھ کو 

سکوت لالہ و گل سے کلام پیدا کر

اٹھا نہ شیشہ گران فرنگ کے احساں

سفال ہند سے مینا و جام پیدا کر

میں شاخ تاک ہوں، میری غزل ہے میرا ثمر

مرے ثمر سے مےء لالہ فام پیدا کر

مرا طریق امیری نہیں، فقیری ہے

خودی نہ بیچ، غریبی میں نام پیدا کر!