Actions

انسان

From IQBAL

Revision as of 06:38, 26 May 2018 by Sana Maqsood (talk | contribs) (Created page with "<center> =='''انسان'''== !قدرت کا عجیب یہ ستم ہے<br> انسان کو راز جو بنایا<br> راز اس کی نگاہ سے چھپایا<br> بے ت...")
(diff) ← Older revision | Latest revision (diff) | Newer revision → (diff)

انسان

!قدرت کا عجیب یہ ستم ہے
انسان کو راز جو بنایا
راز اس کی نگاہ سے چھپایا

بے تاب ہے ذوق آگہی کا
کھلتا نہیں بھید زندگی کا

حیرت آغاز و انتہا ہے
آئینے کے گھر میں اور کیا ہے

ہے گرم خرام موج دریا
دریا سوئے سجر جادہ پیما

بادل کو ہوا اڑا رہی ہے
شانوں پہ اٹھائے لا رہی ہے

تارے مست شراب تقدیر
زندان فلک میں پا بہ زنجیر

خورشید، وہ عابد سحر خیز
لانے والا پیام بر خیز

مغرب کی پہاڑیوں میں چھپ کر
پیتا ہے مے شفق کا ساغر

لذت گیر وجود ہر شے
سر مست مے نمود ہر شے

کوئی نہیں غم گسار انساں
!کیا تلخ ہے روزگار انساں