Actions

توحيد

From IQBAL

توحيد

زندہ قوت تھی جہاں ميں يہی توحيد کبھی

آج کيا ہے، فقط اک مسئلۂ علم کلام

روشن اس ضو سے اگر ظلمت کردار نہ ہو

خود مسلماں سے ہے پوشيدہ مسلماں کا مقام

ميں نے اے مير سپہ! تيری سپہ ديکھی ہے

'قل ھو اللہ، کی شمشير سے خالی ہيں نيام

آہ! اس راز سے واقف ہے نہ ملا، نہ فقيہ

وحدت افکار کی بے وحدت کردار ہے خام

قوم کيا چيز ہے، قوموں کی امامت کيا ہے

اس کو کيا سمجھيں يہ بيچارے دو رکعت کے امام